دہرادون،6جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی لیڈر وجے بہوگنا نے ان پر اور ان کے خاندان پر ایک غیر ملکی کمپنی کے مفادات کے فروغ کا الزام لگانے کے معاملے میں اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہریش راوت اور ان کے میڈیا مشیر سریندر کمار کو قانونی نوٹس بھیج کر ان سے غیر مشروط عوامی معافی کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے وکیل کے ذریعے راوت اور کمار کو نوٹس بھیجتے ہوئے بہوگنا نے خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے ان کے اور ان کے خاندان والوں کے خلاف بے بنیادالزامات لگانے کے لئے غیرمشروط عوامی معافی نہیں مانگی تو وہ ان کے خلاف ہتک عزتی کا مقدمہ دائر کریں گے۔راوت کے میڈیا مشیر اور ترجمان کمار نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس میں لندن واقع ایک کمپنی کی کل فروخت 2011میں 50000پونڈ سے ڈرامائی طور پر بڑھ کر اپریل 2013میں 25کروڑ پاؤنڈہونے کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی)سے جانچ کی مانگ کی تھی۔بہوگنا اس وقت اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ تھے۔بہر حال بہوگنا نے ان الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ ہریش راوت کی ہدایت پر ہی آئندہ اسمبلی انتخابات کو دیکھتے ہوئے انہیں بدنام کرنے کی نیت سے یہ الزامات لگائے گئے۔